ایران میں موجودہ نازک اور غیر یقینی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش پر وزارتِ حج و عمرہ کو خصوصی احکامات جاری کیے ہیں۔
ان احکامات کے تحت مملکت سعودی عرب میں اس وقت موجود تمام ایرانی عازمینِ حج و عمرہ کے لیے مکمل تعاون، ہرممکن سہولیات اور تمام لازمی خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ وہ اس غیر معمولی حالات کے دوران ذہنی اور جسمانی طور پر کسی پریشانی یا دشواری کا شکار نہ ہوں۔
شاہ سلمان کی جانب سے جاری کی گئی اس ہمدردانہ ہدایت کا مقصد یہ ہے کہ ایرانی زائرین کو نہ صرف مکمل تحفظ فراہم کیا جائے بلکہ ان کی رہائش، خوراک، صحت اور نقل و حرکت سے متعلق ہر ممکن سہولت دی جائے۔
سعودی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جب تک ایران میں حالات مکمل طور پر سازگار اور محفوظ نہیں ہو جاتے، تب تک ان عازمین کی مکمل دیکھ بھال، خدمت اور مدد جاری رکھی جائے گی۔
یہ اقدام سعودی قیادت کی انسانی ہمدردی اور اسلامی بھائی چارے کی روشن مثال ہے، جو دنیا بھر سے آنے والے تمام مسلمانوں کے ساتھ یکساں محبت اور احترام کے جذبے کا عکاس ہے۔