سعودی عرب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” کے ذریعے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
بیان میں موجودہ کشیدہ اور نازک حالات کے پیشِ نظر عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ فوری طور پر سیاسی اور سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے تنازع کے پرامن حل کی کوششوں کو تیز کرے۔
سعودی وزارت خارجہ نے تمام فریقین سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے پر زور دیا جو حالات کو مزید بگاڑ کی طرف لے جا سکتے ہیں۔
بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ کسی بھی ملک کی خودمختاری کی پامالی ناقابل قبول ہے۔
سعودی حکومت نے اس بیان کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور سنجیدہ مکالمے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بحران کو مزید سنگین صورتحال اختیار کرنے سے روکا جا سکے۔