پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور النصر کلب کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے ہمیشہ کے لیے سعودی عرب میں رہنے کی خواہش ظاہر کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ رونالڈو نے حال ہی میں النصر کلب کے ساتھ اپنے معاہدے میں مزید دو سال کی توسیع کر لی ہے، جس کے تحت وہ اب 2027 تک النصر کی نمائندگی کریں گے۔
النصر کلب کی جانب سے جاری کردہ یوٹیوب ویڈیو میں رونالڈو نے نہایت جذباتی انداز میں کہا کہ سعودی عرب اب ان کا دوسرا گھر بن چکا ہے، اور وہ اپنی بقیہ زندگی یہی گزارنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک امن، عزت اور خلوص کی سرزمین ہے، میری فیملی یہاں خود کو مکمل طور پر محفوظ اور خوش محسوس کرتی ہے۔رونالڈو نے مزید کہاہمیں یہاں کے لوگ جس گرمجوشی سے خوش آمدید کہتے ہیں، وہ ناقابلِ بیان ہے۔
یاد رہے کہ رونالڈو نے 2022 میں پہلی بار سعودی عرب کے النصر کلب سے معاہدہ کیا تھا۔ اب ان کے نئے معاہدے کے مطابق انہیں سالانہ 188 ملین یورو (تقریباً 61 ارب 50 کروڑ پاکستانی روپے) معاوضہ دیا جائے گا، جو دنیائے فٹبال کی تاریخ کے سب سے مہنگے معاہدوں میں شمار ہوتا ہے۔ حیرت انگیز طور پر رونالڈو کی ایک دن کی تنخواہ پاکستانی روپوں میں 16 کروڑ 84 لاکھ بنتی ہے، جو کسی بھی سپر اسٹار کے لیے ایک نیا معیار قائم کرتی ہے۔
رونالڈو کی یہ وابستگی نہ صرف سعودی عرب کے فٹبال کلچر کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے بلکہ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ سعودی عرب اب دنیا بھر کے ٹاپ ایتھلیٹس کے لیے پسندیدہ منزل بنتا جا رہا ہے۔