سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے نائب حکمران و قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان کے درمیان جدہ میں ہونے والی حالیہ ملاقات نے دونوں ملکوں کے قریبی اور اسٹریٹجک تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے۔
یہ ملاقات نہ صرف باہمی روابط کے استحکام کا مظہر بنی بلکہ آئندہ کے لیے مشترکہ اقدامات اور رابطے کے نئے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس اہم ملاقات کے دوران شیخ طحنون بن زاید نے صدر مملکت متحدہ عرب امارات، شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی جانب سے سعودی عرب کے لیے خیرسگالی کے جذبات اور مسلسل ترقی کی دعاوں کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات، عرب دنیا کے اندر باہمی تعاون اور اجتماعی حکمت عملی کو خطے کے استحکام و ترقی کی بنیاد سمجھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے عرب ممالک کے درمیان مسلسل مشاورت، روابط اور تعاون انتہائی اہم ہیں۔
شیخ طحنون بن زاید کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اس امر پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ خلیجی ممالک کو موجودہ تغیر پذیر عالمی منظرنامے میں باہمی یکجہتی اور ترقیاتی ہم آہنگی کے ذریعے خطے کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے پائیدار ترقی، اقتصادی استحکام، اور سیکیورٹی تعاون جیسے پہلوؤں کو آئندہ کے مشترکہ منصوبوں میں مرکزی حیثیت دینے پر زور دیا۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اماراتی قیادت کی جانب سے بھیجے گئے نیک جذبات کا خیرمقدم کیا اور متحدہ عرب امارات کے لیے ترقی، خوشحالی اور استحکام کی دعا کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب اور امارات کے درمیان گہرے تعلقات محض رسمی نہیں بلکہ باہمی عزت، ثقافتی رشتوں اور مشترکہ وژن پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں خلیجی خطے کے اندر یکجہتی کو تقویت دینا ناگزیر ہے تاکہ عالمی سطح پر ابھرنے والے نئے چیلنجوں کا مقابلہ یکساں سوچ کے ساتھ کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون، سیکیورٹی شراکت داری، اور سیاسی ہم آہنگی پر مبنی متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں گے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، اس ملاقات کو دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں نہ صرف موجودہ روابط کا اعادہ کیا گیا بلکہ مستقبل کی نئی راہیں بھی ہموار کی گئیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خلیج میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کا ایک صفحے پر ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔