ریاض کو دنیا کے تخلیقی اور ثقافتی شہروں کی صف میں شامل کرنے کے سعودی وژن کے ایک اور اہم قدم کے طور پر، اطالوی شہرت یافتہ فیشن اور ڈیزائن انسٹیٹیوٹ "ایستیتوٹو مارانگونی” (Istituto Marangoni) کا باقاعدہ طور پر سعودی عرب میں آغاز ہونے جا رہا ہے۔
اس مقصد کے لیے شاہی کمیشن برائے ریاض سٹی (RCRC) اور ایستیتوٹو مارانگونی کے درمیان ایک اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ادارہ ریاض کے "کریئیٹو ڈسٹرکٹ” میں اپنی سرگرمیاں اگست 2025 سے شروع کرے گا۔
یہ اقدام نہ صرف ریاض کو فیشن، آرٹس اور تخلیقی صنعتوں کا عالمی مرکز بنانے کے منصوبے کی طرف ایک عملی قدم ہے، بلکہ سعودی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس شراکت داری میں سعودی عرب کی وزارت ثقافت کے تحت فیشن کمیشن اور وزارت سرمایہ کاری کی معاونت بھی شامل ہے۔
ایستیتوٹو مارانگونی، جس کی بنیاد 1935 میں میلان، اٹلی میں رکھی گئی تھی، دنیا بھر میں فیشن، ڈیزائن اور لگژری برانڈ مینجمنٹ کی تعلیم دینے والے سب سے ممتاز اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے کیمپس پیرس، لندن اور میامی میں بھی قائم ہیں، اور اب یہ ادارہ ریاض کے طلباء کے لیے بھی اپنے دروازے کھولنے جا رہا ہے۔
ریاض میں قائم ہونے والا یہ کیمپس جدید اور بین الاقوامی نصاب پر مبنی کورسز فراہم کرے گا، جنہیں سعودی اور عالمی فیشن انڈسٹری کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے۔
ان کورسز میں سعودی ثقافتی پہچان کو عالمی تخلیقی معیار کے ساتھ جوڑنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی تاکہ نوجوان ڈیزائنرز اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے عالمی سطح پر خود کو منوا سکیں۔
انسٹیٹیوٹ کے قیام سے پہلے ایک جامع تحقیقی مطالعہ کیا گیا تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر فیشن کی تعلیم سے متعلق ضروریات کو سمجھا جا سکے۔
اس اقدام کا ایک بنیادی مقصد یہ ہے کہ سعودی نوجوانوں کو فیشن کی دنیا میں نہ صرف تربیت دی جائے، بلکہ انہیں اس قابل بنایا جائے کہ وہ مستقبل میں فیشن کی عالمی صنعت میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔
RCRC کے سٹی مارکیٹنگ اور انویسٹمنٹ پروموشن کے قائم مقام نائب صدر، انجینئر مازن احمد تمر نے اس شراکت داری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایستیتوٹو مارانگونی کی آمد ریاض کو ایک عالمی تخلیقی مرکز میں تبدیل کرنے
کے عزم کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کے پروگرام عالمی معیار کی تربیت کو سعودی اقدار اور شناخت کے ساتھ ملا کر ایسے تخلیقی پیشہ ور تیار کریں گے جو عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔
اطالوی سفیر کارلو بالڈوچی نے اس معاہدے کو سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان تخلیقی شعبے میں تعلقات کو مضبوط بنانے کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔
ادارے کی گروپ مینجنگ ڈائریکٹر اسٹیفانیا ویلینتی نے سعودی شراکت داروں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مارانگونی ادارہ سعودی ٹیلنٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور وہ یہاں ایک بھرپور فیشن انوائرمنٹ کی تشکیل کے لیے کام کرے گا۔
ایستیتوٹو مارانگونی اپنے ابتدائی مرحلے میں سعودی طلباء کے لیے تین سالہ ڈپلومہ پروگرام پیش کرے گا، جس میں 50 جزوی اسکالرشپس بھی شامل ہوں گی۔ یہ اسکالرشپس ہائی اسکول یا مساوی تعلیمی قابلیت رکھنے والے طلباء کے لیے مختص ہوں گی، اور ان کا انتخاب ایک مسابقتی عمل کے ذریعے کیا جائے گا جو اس سال کے آغاز میں لانچ کیا جا چکا ہے۔
یہ سارا منصوبہ ریاض کے "کریئیٹو ڈسٹرکٹ” کے جامع ویژن کا حصہ ہے، جس کا اعلان شاہی کمیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فروری میں کیا تھا۔ اس ویژن کے تحت، ریاض کو میڈیا، پرفارمنگ آرٹس، بصری فنون، اور جدید تخلیقی ٹیکنالوجیز میں عالمی ٹیلنٹ کے لیے مرکز بنایا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں اس ڈسٹرکٹ کا قیام کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ (KAFD) میں کیا گیا ہے۔