ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت میں پاکستانی ایگزیکٹو فورم (PEF) کے زیرِ اہتمام چھٹی سالانہ بزنس میٹ اپ کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی و سعودی کاروباری شخصیات، سفارتی حکام، اور کمیونٹی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔
اس تقریب میں پاکستانی ایگزیکٹو فورم کی 6 سالہ کامیاب کارکردگی اور اس کے ذریعے پاکستانی پروفیشنلز اور کاروباری کمیونٹی کی عالمی سطح پر کامیاب نیٹ ورکنگ پر روشنی ڈالی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے سفیر برائے سعودی عرب احمد فاروق نے کہا کہ ایسی تقریبات دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دیتی ہیں اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان اعتماد پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
پاکستانی ایگزیکٹو فورم کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عالمی نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنا اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اس فورم نے گزشتہ 6 سالوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی، تعمیرات، ریٹیل اور دیگر شعبوں میں اہم اقتصادی روابط قائم کیے ہیں۔ تقریب میں پاکستان کی وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر شگفتہ زرین، فورم کے چیئرمین منیر احمد شاد، KSA چیپٹر کے صدر کامران علی قریشی اور دیگر معروف کاروباری شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پاکستانی ایگزیکٹو فورم کی چھٹی سالگرہ کا کیک کاٹنا اس تقریب کا اختتام تھا، جو فورم کی کامیابی اور مستقبل کی ترقی کی علامت بن کر سامنے آیا۔