ریاض : سعودی فالکن کلب کی جانب سے ایک بار پھر شکاری پرندوں کے شوقین افراد کے لیے عالمی نیلامی کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ سالانہ ’انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن‘ ریاض کے شمالی علاقے ’ملہم‘ میں 5 اگست سے 25 اگست 2025 تک منعقد ہو گا۔
اس منفرد نیلامی میں دنیا بھر سے فالکن بریڈرز، ماہرین، سرمایہ کار اور شکاری پرندوں کے شوقین بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ یہ نہ صرف شکاری باز (فالکن) کی خرید و فروخت کا اہم مرکز ہو گا بلکہ اعلیٰ معیار کی افزائش نسل، تربیت، صحت و نگہداشت اور جدید طریقہ کار سے آگاہی کے لیے بھی ایک سنہری موقع فراہم کرے گا۔
یہ نیلامی اپنی نوعیت کی دنیا کی سب سے بڑی فالکن نیلامی سمجھی جاتی ہے، جو نہ صرف شکاری پرندوں کی دنیا میں ایک اہم تجارتی مرکز بنتی جا رہی ہے بلکہ سعودی عرب کے ثقافتی ورثے اور عالمی سافٹ پاور کی مظہر بھی ہے۔
گزشتہ برس کے نیلامی ایڈیشن میں دنیا بھر سے 56 فارمز نے حصہ لیا، جن میں 13 سعودی اور 43 بین الاقوامی فارمز شامل تھے، جو 19 مختلف ممالک کی نمائندگی کر رہے تھے۔
مجموعی طور پر 866 باز نیلام کیے گئے، جن کی کل مالیت ایک کروڑ 6 لاکھ ریال سے زائد رہی۔مہنگے ترین بازجنہوں نے عالمی سطح پر قیمتوں کے تمام ریکارڈتوڑدیے ہیں
گزشتہ سال سعودی فارم کا سب سے مہنگا باز 2 لاکھ 10 ہزار ریال میں نیلام ہوا،جبکہ امریکی فارم ’پیسفک نارتھ ویسٹ‘ کی جانب سے پیش کردہ باز نے 4 لاکھ ریال کی ریکارڈ قیمت حاصل کی
یہ نیلامی سعودی عرب کے ویژن 2030 کی روشنی میں ثقافت، فطرت اور تجارت کے امتزاج کا ایک شاندار مظہر ہے، جس کا مقصد فالکن پروری کے شعبے میں عالمی قیادت حاصل کرنا ہے۔
فالکن کلب کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ نہ صرف سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گا بلکہ دنیا بھر سے آنے والے ماہرین اور خریداروں کے لیے سعودی عرب کو ایک کلچرل وائلڈ لائف حب کے طور پر متعارف کروانے میں مدد دے گا۔