ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے نائجیریا کے سابق صدر محمد بخاری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدر بولا احمد تینوبو کو تعزیتی پیغامات روانہ کیے ہیں۔
سعودی قیادت کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہےہمیں نائجیریا کے سابق صدر محمد بخاری کے انتقال کی خبر سن کر گہرا صدمہ ہوا۔ ہم صدر تینوبو، نائجیریا کے برادر عوام، اور مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور مخلصانہ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے پیغام میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو اپنی وسیع رحمت اور مغفرت عطا فرمائے، اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل نصیب کرے۔
مرحوم محمد بخاری نائجیریا کے معروف سیاسی و عسکری رہنما تھے، جنہوں نے ملک کی قیادت ایک نازک دور میں سنبھالی اور کرپشن کے خلاف مہم، سلامتی اور اقتصادی اصلاحات میں نمایاں کردار ادا کیا۔
سعودی عرب اور نائجیریا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جن میں محمد بخاری کے دور میں مزید استحکام آیا۔ ان کی وفات پر نہ صرف نائجیریا بلکہ عالم اسلام میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔