ریاض میں سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں جوہری سلامتی، سیکیورٹی، اور نیوکلیئر شعبے میں عالمی معیار کے نفاذ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ جوہری توانائی کا پرامن استعمال عالمی سیکیورٹی، ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے شعبے میں استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ ملاقات کے دوران یکم سے 4 اکتوبر تک ریاض میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نیوکلیئر اینڈ ریڈیو لاجیکل ایمرجنسیز کانفرنس کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا انعقاد سعودی عرب ریڈیولاجیکل ریگولیٹری اتھارٹی کے تعاون سے کرے گا۔
اس موقع پر IAEA کے ڈائریکٹر جنرل نے سعودی عرب کی جانب سے نیوکلیئر سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ مملکت جوہری توانائی کے شعبے میں عالمی سطح پر ایک مثبت اور مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
قبل ازیں، رافیل گروسی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ملاقات کی، جس میں کثیر الجہتی بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے، خطے اور دنیا میں استحکام سے متعلق مشترکہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ یہ ملاقاتیں اس بات کا مظہر ہیں کہ سعودی عرب جوہری توانائی کے میدان میں نہ صرف عالمی ضوابط کی پاسداری کر رہا ہے بلکہ علاقائی و بین الاقوامی امن، ترقی اور تعاون کے فروغ میں بھی سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔