سعودی عرب کی زکات، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی (ZATCA) نے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے جدہ اسلامی بندرگاہ کے راستے ملک میں داخل کی جانے والی 310,000 کیپٹگون گولیوں کو برآمد کر لیا۔
ان گولیوں کو نہایت مہارت سے ایک گاڑی کے مختلف خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔ کیپٹگون، جو کہ امفیٹامین کی ایک قسم ہے، دماغ پر اثر انداز ہو کر نشہ پیدا کرتا ہے اور خفیہ طور پر اسے نوجوان نسل کو نشے کی لت میں مبتلا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
زٹکا کے ترجمان حمود الہربی نے میڈیا کو بتایا کہ ادارے کی مستعد کسٹمز ٹیم نے گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لی جس کے دوران اسمگلنگ کا یہ خطرناک سامان برآمد ہوا۔ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے زٹکا نے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کے تعاون سے 8 افراد کو گرفتار کر لیا جن پر شبہ ہے کہ وہ اس منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھے۔
الہربی کا کہنا تھا کہ کسٹمز اتھارٹی مملکت کے تمام داخلی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ایسے خطرناک نیٹ ورکس کو بے نقاب کر کے معاشرے، بالخصوص نوجوان نسل کو منشیات کے تباہ کن اثرات سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ معاشرہ محفوظ اور صحت مند رہ سکے۔