العربیہ نیوز نیٹ ورک نے اپنی تمام ادارتی، انتظامی اور آپریشنل سرگرمیاں سعودی عرب منتقل کرنے کے عمل کو مکمل کر لیا ہے۔ یہ منتقلی، جو 2021 میں شروع ہوئی تھی، اب ریاض کے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع ہیڈکوارٹر کے ساتھ مکمل ہوگئی ہے، جہاں سے چینل اپنی روزمرہ کی نشریات جاری رکھے گا۔
العربیہ نیٹ ورک کے ڈائریکٹر جنرل، ممدوح المہینی نے اس منتقلی کو ایک "تاریخی لمحہ” اور "فیصلہ کن تبدیلی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف جغرافیائی تبدیلی نہیں بلکہ ایک معیار ساز قدم ہے جس نے العربیہ کو خطے کے سیاسی و اقتصادی مرکز میں لا کھڑا کیا ہے۔
مملکت میں جدید انفراسٹرکچر، ماہر افرادی قوت اور مزید ترقی و جدت کے مواقع ملیں گے۔ یہ منتقلی نہ صرف ادارہ جاتی ترقی کے لیے اہم ہے، بلکہ اس سے العربیہ کے ادارتی معیار اور کوریج میں بھی نمایاں پیش رفت متوقع ہے۔
اس سے پہلے، الحدث نیوز چینل کی مکمل منتقلی نومبر 2023 میں ہوئی تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ العربیہ نیٹ ورک کی مکمل منتقلی سعودی عرب کے وژن اور مستقبل کی ترقی کی طرف ایک قدم مزید بڑھائے گا۔