اسلام آباد : پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، خصوصاً بحری میدان میں۔ رائل سعودی نیول فورسز کے چیف آف اسٹاف ایڈمرل محمد بن عبدالرحمان الغریبی نے پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان میری ٹائم سیکیورٹی اور تربیتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ایڈمرل الغریبی کی آمد پر نیول ہیڈکوارٹر میں چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جو دونوں ممالک کے مابین گہرے عسکری تعلقات اور باہمی احترام کی عکاسی کرتا ہے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور عسکری تربیت کو وسعت دینے پر غور کیا گیا۔ دونوں جانب سے رواں سال شمالی بحیرہ عرب میں مشترکہ بحری مشق "نسیم البحر” کے کامیاب انعقاد کو بھی سراہا گیا، جس نے دونوں بحری افواج کے اشتراک کو نئی جہت عطا کی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی، جس پر سعودی چیف نے ان کی کوششوں کو سراہا اور انہیں ’’غیر متزلزل‘‘ قرار دیا۔
ایڈمرل الغریبی نے پاکستان نیول اکیڈمی میں سعودی کیڈٹس کی معیاری تربیت، پاک بحریہ کے جہازوں پر فراہم کیے گئے تجربات اور ان کے اثرات کو بے حد مثبت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشہ ورانہ ترقی دونوں ممالک کی بحری افواج کو قریب لانے کا ذریعہ ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا، اور نئے مواقع تلاش کر کے تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی۔