سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ کے شعبے نے 2025 کی دوسری سہ ماہی میں ایک شاندار کامیابی حاصل کی ہے، جہاں ریلوے کے مختلف نظاموں نے مجموعی طور پر 36.5 ملین سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی۔ یہ تعداد رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں ایک ملین کا اضافہ ظاہر کرتی ہے، جو کہ مملکت میں ریلوے سروسز پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (TGA) کے مطابق، اپریل سے جون 2025 کے دوران ملک بھر میں 33.8 ملین افراد نے اربن ریل سسٹمز (میٹرو) کا استعمال کیا۔ ان میں سب سے نمایاں کردار ریاض میٹرو نے ادا کیا، جہاں 23.6 ملین افراد نے سفر کیا، جو کہ تمام میٹرو سروسز میں سرفہرست رہی۔
جدہ میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع خودکار ریل سروس (A.P.M) سے 7.76 ملین مسافروں نے استفادہ کیا۔امیرہ نورہ بنت عبدالرحمن یونیورسٹی (ریاض) کے کیمپس ریل سسٹم سے 512,000 سے زائد طلبا اور عملے نے سفر کیا۔
شہروں کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد 2.67 ملین سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ مدت کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، سعودی ریلوے نے چھ ماہ میں 2100 انٹرسٹی ٹرپس مکمل کیے اور 7.9 ملین سے زائد مسافروں کو آرام دہ، بروقت اور محفوظ سفر فراہم کیا۔
ریلوے کے ذریعے نہ صرف مسافروں کا ریکارڈ سفر ہوا بلکہ کارگو خدمات نے بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق، 4.08 ملین ٹن سامان اور 232,000 کنٹینرز ریلوے کے ذریعے کامیابی سے منتقل کیے گئے۔
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے ریل سسٹم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے نہ صرف محفوظ اور پائیدار ذریعہ آمدورفت ہے بلکہ یہ کاربن کے اخراج میں کمی اور مملکت میں زندگی کے معیار کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔