مدینہ منورہ کے پہاڑی علاقے ’حی المجاوات‘ میں قائم ہونے والا نیا تفریحی و سیاحتی منصوبہ ’المطلل‘ مقامی شہریوں اور زائرین کے لیے ایک منفرد اور جاذبِ نظر مقام بن چکا ہے۔ یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے، جس کے تحت مملکت کے مختلف شہروں میں تفریحی و ماحولیاتی ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
المطلل‘ منصوبہ ایک دلکش پہاڑی علاقے میں واقع ہے جو تین اطراف سے پہاڑوں میں گھرا ہوا ہے۔ یہاں سے زائرین کو مدینہ منورہ کی مغربی سمت اور حرمِ نبویؐ کا پینورامک نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے، جو اس مقام کو روحانی و جمالیاتی اعتبار سے منفرد بناتا ہے۔
منصوبے میں قدرتی ماحول کو محفوظ رکھتے ہوئے واکنگ اور سائیکلنگ ٹریکس تعمیر کیے گئے ہیں، جو زائرین اور اہلِ مدینہ کے لیے صحت بخش تفریحی سرگرمیوں کا بہترین ذریعہ بن چکے ہیں۔ سرسبز سبزہ زار اس منظر کو اور بھی دلکش بناتے ہیں۔
سیاحوں کی سہولت کے لیے صاف ستھرے ہوٹلز، خوبصورت کیفے اور ریسٹ ایریاز بنائے گئے ہیں، جو فیملیز اور دوستوں کے لیے ایک مکمل دن گزارنے کا مثالی مقام بناتے ہیں۔
المطلل‘ میں آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے 340 گاڑیوں کے لیے کشادہ پارکنگ ایریا مخصوص کیا گیا ہے، جس سے ٹریفک اور ہجوم کے مسائل کم کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے سیاحت، ماحولیات اور شہری معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں، ’المطلل‘ ان کی ایک شاندار مثال ہے۔ یہ منصوبہ مدینہ منورہ کو نہ صرف ایک روحانی مرکز کے طور پر بلکہ ایک جدید سیاحتی شہر کے طور پر بھی ابھار رہا ہے۔