ریاض ریجنل ہیلتھ سنٹر کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 سے اب تک ریاض شہر میں ڈوبنے کے مختلف حادثات میں 69 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے بیشتر اموات گھروں اور فارم ہاؤسز کے سوئمنگ پولز میں ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈوبنے والے افراد کا تعلق مختلف عمروں سے تھا، جن میں بچے، نوجوان اور بزرگ سب شامل تھے۔ امدادی ٹیموں نے اسی عرصے میں 96 افراد کو بروقت ریسکیو کرکے ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس سے ان کی جانیں بچ گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں 21، 2023 میں 22، اور 2024 میں 16 ہلاکتیں ہوئیں، جبکہ 2025 کے ابتدائی چھ ماہ میں ڈوبنے سے 10 افراد ہلاک ہوئے۔ ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ریاض صحت مرکز نے عوامی سطح پر آگاہی مہم شروع کی ہے، جو ہر سال 25 جولائی کو منائے جانے والے "ڈوبنے سے بچاؤ کے عالمی دن” کے تحت جاری ہے۔
سعودی کابینہ نے بھی اس دن کو سرکاری سطح پر منانے کی منظوری دی ہے تاکہ شہریوں میں پانی سے جڑے خطرات سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے اور حفاظتی اقدامات کو فروغ دیا جائے۔