سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی سرمایہ کار اور کاروباری برادری پاک سعودی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ ریاض میں منعقدہ "انویسٹرز اینڈ بزنس فورم” کی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو متحرک، باصلاحیت اور بااثر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کاروباری افراد دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو فروغ دے سکتے ہیں اور نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔
اس اہم فورم میں ریاض، جدہ، دمام سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں سے سینکڑوں پاکستانی سرمایہ کار، صنعتکار اور کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔ احمد فاروق نے اپنے کلیدی خطاب میں بتایا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے بے شمار سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، بالخصوص افرادی قوت، آئی ٹی، صنعتی ترقی، اور درآمد و برآمد کے شعبوں میں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سفارتخانہ پاکستانی کمیونٹی کے معاشی عزائم میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا اور انہیں سفارتی و ادارہ جاتی سطح پر مکمل سہارا دے گا۔
اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کی تجارتی و سرمایہ کاری کی وزیر ڈاکٹر شگفتہ زریں نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے سعودی مارکیٹ میں غیر معمولی امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعاون کا نیا دور شروع ہو چکا ہے جس میں ہر پاکستانی سرمایہ کار کا کردار اہم ہے۔
پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر غلام صفدر نے کہا کہ سعودی عرب میں فعال پاکستانی سرمایہ کار نہ صرف اپنے کاروبار کو مضبوط بنا رہے ہیں بلکہ پاکستان کے لیے زرمبادلہ، روزگار اور اقتصادی بہتری کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سرمایہ کاروں کے درمیان نیٹ ورکنگ کو فروغ دے کر ایک مؤثر معاشی نیٹ ورک قائم کیا جا سکتا ہے جو پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد دے گا۔
تقریب میں معروف پاکستانی کاروباری و سماجی شخصیات جن میں راجہ خالد، ظفر جاوید، چوہدری شفقات محمود، منیرشاد،چوہدری نذیر جٹ، بشیر چوہدری، اصغر قریشی، ملک محمد بلال اور رانا عبدالرؤف شامل تھے، نے بھی اظہار خیال کیا۔ مقررین نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صلاحیتوں، حب الوطنی اور کاروباری فہم کو سراہا اور کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ یہ کمیونٹی عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت چہرہ پیش کرے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان انویسٹرز فورم کی سرکاری ویب سائٹ کا افتتاح بھی کیا گیا، جو نہ صرف پاکستانی سرمایہ کاروں کے مابین رابطے کو مضبوط بنائے گی بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی کاروباری تعاون کے لیے بھی ایک مرکزی پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ یہ ڈیجیٹل اقدام مستقبل میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی کا پیغام ثابت ہو گا۔