ریاض میں 2 فروری 2026 کو ہونے والے سعودی میڈیا فورم کے آئندہ ایڈیشن کا اعلان کیا گیا ہے، جس کی سرپرستی سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کریں گے۔ اس بڑے بین الاقوامی پروگرام میں دنیا بھر اور مملکت کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی 250 سے زائد میڈیا کمپنیوں، ماہرین، اور فیصلہ ساز شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
یہ فورم ابلاغ عامہ کے شعبے میں عالمی سطح پر ایک نمایاں پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آئے گا جہاں ذرائع ابلاغ کی صنعت سے وابستہ افراد نہ صرف اپنے خیالات اور تجربات کا تبادلہ کریں گے بلکہ ایک دوسرے کی مہارتوں سے سیکھنے کا موقع بھی حاصل کریں گے۔
وزیر اطلاعات و نشریات سلمان الدوسری نے اس موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے فراہم کردہ بھرپور تعاون پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ انہی اقدامات کی بدولت مملکت اپنے وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔
ان کے مطابق سعودی میڈیا فورم کو ایک ایسا پلیٹ فارم بنایا جا رہا ہے جو جدید ذرائع ابلاغ کی بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق ابلاغی صنعت کے ماہرین کو اکٹھا کرے گا۔
فورم کے مرکزی موضوعات میں ’بدلتی دنیا اور میڈیا‘ کے عنوان کے تحت موجودہ دور میں میڈیا کے ڈھانچے، ٹیکنالوجی، اور عوامی توقعات میں آنے والی بڑی تبدیلیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
فورم میں 100 سے زائد ورکشاپس، مذاکرے اور مباحثے منعقد کیے جائیں گے، جن میں پروڈکشن، براڈکاسٹنگ اور ڈسٹری بیوشن کے شعبوں کے لیے جدید ترین تکنیکی حل اور اختراعات پیش کی جائیں گی۔
سعودی میڈیا فورم کے چیئرمین اور جنرل اتھارٹی برائے ریڈیو و ٹی وی کے چیف ایگزیکٹیو محمد الحارثی کے مطابق اس ایونٹ میں خاص توجہ ان شعبوں پر دی جائے گی جو مستقبل کے میڈیا کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، خصوصاً مواد کی تیاری میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے عملی استعمال پر۔ اس کے ساتھ ساتھ، فورم کے دوران سعودی نوجوانوں کی میڈیا صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے بین الاقوامی معاہدے بھی متوقع ہیں، تاکہ مقامی ماہرین کو عالمی معیار کی تربیت اور جدید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔