سعودی عرب کے سیاحتی شہر طائف میں قائم معروف ’’گرین ماؤنٹین پارک‘‘ میں ایک حادثہ پیش آیا جس نے خوشگوار تفریحی ماحول کو خوف و ہراس میں بدل دیا۔ پارک میں نصب ایک جھولا اچانک درمیان سے ٹوٹ گیا، جس کے باعث اس پر سوار 23 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق جھولا بلندی کی جانب بڑھ رہا تھا کہ اچانک ایک زور دار آواز کے ساتھ اس کا درمیانی حصہ ٹوٹ گیا اور لوگ چیختے چلاتے زمین پر آ گرے۔
حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس میں جھولے کے اچانک ٹوٹنے، مسافروں کی چیخ و پکار اور افراتفری کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
حادثے کے فوری بعد شہری دفاع، طبی امدادی ٹیمیں اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں زیادہ تر لڑکیاں شامل تھیں، جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔ اسپتال کے ذرائع نے تصدیق کی کہ زخمیوں کو مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
متاثرہ بچیوں کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ ان کے گھر کی دو بچیاں بھی جھولے پر سوار تھیں اور حادثے کے بعد دونوں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت نازک ہے۔ اس بیان نے واقعے کی سنگینی میں مزید اضافہ کر دیا۔
ادھر حکام نے جھولے کے ٹوٹنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا یہ حادثہ کسی تکنیکی خرابی یا حفاظتی اقدامات میں غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔ شہری دفاع کے اداروں اور متعلقہ حکام نے وعدہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ اس طرح کے سانحات سے بچا جا سکے۔