عالمی ادارہ صحت (WHO) نے مدینہ منورہ کو ’’صحت مند شہر‘‘ کے طور پر باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا ہے، جو کہ نہ صرف سعودی عرب بلکہ عالم اسلام کے لیے بھی ایک اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسلام کے دوسرے مقدس ترین شہر مدینہ نے عالمی ادارہ صحت کے سخت معیار پر پورا اترتے ہوئے 80 میں سے مکمل 80 پوائنٹس حاصل کیے، جو شہر کی صحت، صفائی، انفراسٹرکچر، ماحولیات اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں میں غیرمعمولی کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔
اس کامیابی کے موقع پر مدینہ ریجن کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان نے ایک خصوصی تقریب میں سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل سے عالمی ادارہ صحت کا ایکریڈیشن سرٹیفکیٹ وصول کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ’’یہ منظوری سعودی قیادت کی اس پختہ لگن کی عکاسی ہے جس کے تحت مملکت کے تمام شہری مراکز میں معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔‘‘ شہزادہ سلمان نے مزید کہا کہ مدینہ کی ترقی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے اور یہ علاقائی و عالمی سطح پر ایک جدید ترقیاتی ماڈل کے طور پر ابھر رہا ہے۔
مدینہ منورہ نے جدہ کے بعد مشرق وسطیٰ کا دوسرا سب سے بڑا صحت مند شہر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، جس سے سعودی عرب کی شہری منصوبہ بندی اور عوامی صحت میں سرمایہ کاری کا عملی مظاہرہ ہوتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق کسی بھی شہر کو ’صحت مند شہر‘ کا درجہ حاصل کرنے کے لیے اسے 80 معیارات پر پورا اترنا ہوتا ہے۔ ان معیارات میں پارکس، واکنگ ایریاز، جدید پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹرز، صاف پانی، محفوظ خوراک، اور سکولوں میں صحت سے متعلق آگاہی شامل ہیں، جن پر مدینہ نے کامیابی سے عملدرآمد کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ساتھ عالمی ادارہ صحت نے سعودی عرب کے 14 دیگر شہروں کو بھی ’صحت مند شہر‘ تسلیم کر لیا ہے، جن میں طائف، تبوک، الدرعیہ، عنیزہ، جلاجل، المندق، الجموم، ریاض، الخبر اور شرورہ سمیت دیگر شامل ہیں۔ یہ پیش رفت سعودی وژن 2030 کے اس ہدف کی عکاسی کرتی ہے کہ مملکت کو نہ صرف اقتصادی اور تکنیکی میدانوں میں بلکہ سماجی اور صحت کے شعبوں میں بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے برابر لایا جائے۔
مدینہ منورہ، جو کہ صدیوں سے روحانیت، امن، اور انسان دوستی کی علامت رہا ہے، اب صحت، صفائی اور شہری ترقی میں بھی عالمی معیار پر کھڑا ہو چکا ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف مدینہ بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے فخر کا مقام ہے، اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ روایتی اقدار کے ساتھ ساتھ جدید سائنسی و سماجی ترقی بھی ایک ساتھ ممکن ہے۔