ریاض :سعودی عرب میں ملازمین کی صحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے حکومت نے بڑی پیش رفت کی ہے۔ ہیلتھ انشورنس کونسل نے کارکنوں کے طبی بیمہ قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 110 کمپنی مالکان پر مجموعی طور پر 2.5 ملین ریال (25 لاکھ سعودی ریال) کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
کونسل کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان تمام کمپنیوں کو پہلے قانونی نوٹس اور انتباہ جاری کیے گئے تھے، جن میں واضح طور پر بتایا گیا کہ ان کے اداروں میں کارکنوں کے لیے لازمی ہیلتھ انشورنس کی عدم فراہمی یا اس میں تاخیر جیسی سنگین خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
ہیلتھ انشورنس کونسل کے مطابق، اداروں کو معیاد کے اندر اصلاح کے لیے موقع دیا گیا، تاہم بہت سی کمپنیوں نے نہ اصلاح کی نہ وضاحت دی، جس کے بعد قانونی چارہ جوئی کے تحت بھاری مالی جرمانے نافذ کیے گئے۔ کونسل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ہیلتھ سیکٹر میں شفافیت، ذمہ داری اور کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کی کوششوں کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں نافذ ہیلتھ انشورنس قانون کے مطابق، ہر آجر (کمپنی مالک) پر قانونی طور پر لازم ہے کہ وہ اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے سالانہ بنیادوں پر میڈیکل انشورنس مہیا کرے۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ ملازمین کو صحت سے متعلق بنیادی سہولیات بغیر مالی رکاوٹ کے فراہم ہوں۔
کونسل نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ بھی اگر کسی کمپنی نے قوانین کی خلاف ورزی کی، تو مزید سخت اقدامات کیے جائیں گےجن میں مزید بھاری جرمانے، لائسنس کی معطلی یا قانونی چارہ جوئی بھی شامل ہو سکتی ہے۔