ریاض/لیون :سعودی عرب کےوزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے فرانس کےشہرلیون میں واقع انٹرپول کے ہیڈ کوارٹر کا اہم دورہ کیا، جہاں انٹرپول کے صدر میجر جنرل ڈاکٹر احمد ناصر الرئیسی نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
اس باوقار موقع پر شہزادہ عبدالعزیز کو بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے اور عالمی سکیورٹی تعاون کے فروغ میں ان کے مثالی کردار کے اعتراف میں انٹرپول کی طرف سے اعلیٰ ترین اعزاز ’انٹرپول میڈل‘ سے نوازا گیا۔
دورے کے دوران سعودی وزیر داخلہ اور انٹرپول قیادت کے مابین سرحد پار جرائم، دہشتگردی، سائبر کرائم، منی لانڈرنگ، اسمگلنگ، اور عالمی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کو وسعت دینے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے سعودی عرب کی طرف سے انٹرپول کو جاری مالی، تکنیکی اور تربیتی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی جرائم کے خلاف یکجہتی اور جدید سکیورٹی نیٹ ورکس کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے انٹرپول کے عالمی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں سکیورٹی اداروں کو آپس میں ربط و ہم آہنگی کے لیے انٹرپول ایک مرکزی پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے، اور سعودی عرب اس مشن میں ایک سرگرم شراکت دار ہے۔
واضح رہے کہ انٹرپول کے موجودہ صدر ڈاکٹر احمد ناصر الرئیسی کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہے، اور وہ نومبر 2021 میں استنبول میں ہونے والی 89ویں جنرل اسمبلی میں صدر منتخب ہوئے تھے۔ ان کی موجودہ مدت رواں سال اختتام پذیر ہو رہی ہے۔