طائف :سعودی عرب میں طائف کے معروف پہاڑی علاقے الشفا کے نزدیک واقع وادی ذی غزال تیزی سے ایک نمایاں سیاحتی مقام کے طور پر ابھر رہی ہے۔ قدرتی مناظر، مقامی ثقافت، زراعت، اور سیاحت کے حسین امتزاج سے مزین یہ وادی الشفا مرکز سے محض پانچ کلومیٹر دور واقع ہے اور فلک بوس پہاڑوں کے دل میں بسی ہوئی ہے۔
پہاڑی سڑکوں سے یہاں تک باآسانی رسائی حاصل کی جا سکتی ہے، جہاں راستے میں پھلوں، گلابوں اور مقامی مصنوعات کے دلکش اسٹالز سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ گلابِ طائف کے لیے مشہور اس علاقے میں ہر سال ہونے والا روایتی گلاب فیسٹیول ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔
ٹور گائیڈ حمید السفیانی کے مطابق وادی ذی غزال قدرت سے جُڑے افراد کے لیے جنت کا مقام ہے، جہاں ہائیکنگ، کیمپنگ، اور پکنک کے بے شمار مواقع دستیاب ہیں۔ پہاڑی ورثے کے ماہر خالد الوقدانی کے بقول یہ وادی طائف کی فطرت اور ثقافتی ورثے کا آئینہ دار ہے، جو یہاں آنے والے زائرین کو ایک مستند اور یادگار تجربہ فراہم کرتی ہے۔
وادی ذی غزال کی ایک اور انفرادیت یہاں کی روایتی پہاڑی زراعت ہے۔ انگور، انجیر، انار کے باغات اور شہد کی مکھیوں کے ذریعے تیار ہونے والا اشفا شہد نہ صرف اپنی لذت کے لیے مشہور ہے بلکہ مقامی مہمان نوازی کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔
یہ خطہ اب نہ صرف ایک سیاحتی مقام بلکہ ثقافتی شناخت کا استعارہ بنتا جا رہا ہے، جہاں مقامی لوگ اور سیاح فطرت کی آغوش میں خوشیوں بھرے لمحات گزارتے ہیں۔ سعودی وژن 2030 کے تحت یہ مقام سیاحت کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔