ریاض: سعودی عرب میں گاڑیوں کے معیار، تحفظ اور ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سعودی اسٹینڈرڈز، میٹرولوجی اینڈ کوالٹی آرگنائزیشن (SASO) کی جانب سے 25,078 درآمدی گاڑیوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جس کے دوران یہ انکشاف سامنے آیا کہ چار فیصد یعنی 1,013 گاڑیاں سعودی معیار اور ضوابط پر پورا نہیں اُترتیں۔
تنظیم نے واضح کیا کہ 24,065 گاڑیاں مکمل طور پر سعودی مارکیٹ کی تکنیکی اور حفاظتی شرائط پر پورا اُترتی ہیں، جبکہ باقی گاڑیوں میں متعدد خامیاں پائی گئیں جن کی بنیاد پر ان کی درآمد کو روکا گیا.غیر معیاری گاڑیوں کی وجوہات: چیسس میں جعلسازی اور سیکیورٹی خامیاں
SASO کے مطابق، جن گاڑیوں کو مسترد کیا گیا ان میں سے کئی ایسی تھیں جن میں چیسس نمبر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی، بعض پر سنگین حادثات کے اثرات تھے، جبکہ دیگر میں فیکٹری لائسنس پلیٹس کی عدم موجودگی، یا پھر گاڑیوں کو ٹیکسی یا پولیس کاروں کے طور پر استعمال کرنے کے شواہد ملے۔
چند گاڑیاں دائیں ہاتھ سے چلانے کے لیے تیار کی گئی تھیں، جنہیں بائیں ہاتھ سے ڈرائیو کرنے کے لیے خطرناک اور بے ترتیب طریقے سے تبدیل کیا گیا، جو کہ ٹریفک سیفٹی سسٹمز اور مسافروں کی جان کو شدید خطرے میں ڈال سکتا ہے۔مارکیٹ کے مطابق تیاری نہ کرنے والی گاڑیاں ناقابل قبول ہیں
تنظیم نے اس امر پر زور دیا کہ بہت سے بین الاقوامی کار ساز ادارے ایک ہی ماڈل کی کئی ورژنز تیار کرتے ہیں، جنہیں مخصوص ممالک کی تکنیکی اور ماحولیاتی ضروریات کے مطابق ڈھالا جاتا ہے۔ ایسی گاڑیاں جو سعودی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق نہیں بنائی گئیں، وہ نہ صرف حفاظتی خدشات پیدا کرتی ہیں بلکہ ماحولیاتی اور ایندھن کے نظام کو بھی متاثر کرتی ہیں۔
درآمدی گاڑیوں کے لیے پیشگی معائنہ لازمی قراردیتےہوئےSASO نے درآمد کنندگان کو متنبہ کیا ہے کہ گاڑیوں کو سعودی عرب بھیجنے سے پہلے تسلیم شدہ اداروں سے ان کا تکنیکی معائنہ اور سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ ایسی گاڑیوں کی آمد کو روکا جا سکے جو مملکت کی مارکیٹ کے معیار پر پوری نہیں اُترتیں۔
"سابر” پلیٹ فارم گاڑیوں کےمعیار اور تحفظ کی ضمانت ہے۔تنظیم نے بتایا کہ ’’سابر‘‘ نامی الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے اب گاڑیوں کی درآمدی سروس کو مزید مؤثر اور شفاف بنا دیا گیا ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے گاڑیوں کی سعودی تکنیکی ضوابط سے مطابقت کی تصدیق، معائنہ، اور امپورٹ سرٹیفکیٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
یہ پلیٹ فارم گاڑیوں کی درآمد سے قبل غیر معیاری کنسائنمنٹس کو برآمدی ملک میں ہی روکنے، وقت اور اخراجات میں بچت، اور صارفین کے لیے محفوظ گاڑیوں کی فراہمی کا ضامن بن چکا ہے۔
SASO صارفین کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ گاڑیاں خریدنے سے قبل مکمل تحقیق کریں اور صرف وہی گاڑیاں منتخب کریں جو سعودی تصریحات کے مطابق ہوں۔ ایسی گاڑیاں جن میں چیسس نمبر جعلی ہو یا جن کے ڈرائیونگ سسٹم میں غیر مجاز تبدیلیاں کی گئی ہوں، وہ نہ صرف خریدار کے لیے خطرناک ہیں بلکہ قانونی کارروائی کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔
یہ سعودی حکومت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت مملکت میں سڑکوں پر چلنے والی ہر گاڑی کو مکمل طور پر محفوظ، معیاری اور ماحولیاتی ضوابط سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے۔ SASO نے واضح کیا ہے کہ درآمدی گاڑیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی اور غیر معیاری گاڑیوں کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی۔