ریاض میں تفریحی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھایا گیا ہے، جہاں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے حال ہی میں ایک بڑے بین الاقوامی کامیڈی میلے کے آغاز کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
"ریاض کامیڈی فیسٹیول” کے عنوان سے منعقد ہونے والا یہ ایونٹ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد میلہ ہوگا، جو نہ صرف سعودی عرب بلکہ دنیا بھر میں مزاحیہ فن کے فروغ کا علمبردار بنے گا۔
یہ فیسٹیول 26 ستمبر 2025 سے شروع ہو کر 9 اکتوبر تک جاری رہے گا اور دارالحکومت ریاض کی پررونق فضا کو قہقہوں اور دلکش مزاح سے گونجا دے گا۔ اس موقع پر دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے 50 سے زائد عالمی شہرت یافتہ مزاح نگار، اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے سعودی عرب کا رخ کریں گے۔ ٹکٹوں کی فروخت معروف پلیٹ فارم "وی بک” کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو سہولت کے ساتھ اس شاندار فیسٹیول میں شرکت کا موقع ملے۔
تفریحی اتھارٹی کی جانب سے یہ میلہ اُن وسیع تر ثقافتی اور فنکارانہ اہداف کا حصہ ہے جن کا مقصد مملکت میں تخلیقی اظہار کے نئے در وا کرنا اور عالمی سطح کے فنکاروں کو سعودی سامعین کے قریب لانا ہے۔ اس کوشش کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ سعودی عرب کو ایک ایسا ثقافتی مرکز بنایا جائے جہاں تفریح، فن، اور عالمی میل جول کا امتزاج دیکھنے کو ملے۔
فیسٹیول کی سرگرمیاں بولیوارڈ سٹی کے تین عظیم الشان تھیٹروں میں منعقد ہوں گی، جن میں محمد العلی تھیٹر، بکر الشدی تھیٹر اور ایس ای ایف ایرینا شامل ہیں۔ ان کے علاوہ کچھ خصوصی شوز عنب ایرینا میں بھی ترتیب دیے جائیں گے، جہاں ناظرین ایک منفرد تجربے سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے ایک بیان میں ان عالمی مزاحیہ فنکاروں کے ناموں کی تصدیق کی گئی ہے جو اس فیسٹیول میں اپنے شاندار پرفارمنس کے ذریعے سامعین کو ہنسانے والے ہیں۔
ان میں مشہور امریکی کامیڈین کیون ہارٹ شامل ہیں، جنہیں دنیا بھر میں مزاحیہ اداکاری کا بے تاج بادشاہ تصور کیا جاتا ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ رسل پیٹرز، زارنا گارگ، وٹنی کمنگز، سیبسٹین مانیسکالکو، ماز جبرانی، اور جو کوئے جیسے بین الاقوامی شہرت یافتہ کامیڈین بھی اس تقریب کا حصہ ہوں گے۔
عزیز انصاری، نمیش پٹیل، بل بر، اینڈریو شولز، ٹام سیگورا، سام موریل، اور پیٹ ڈیوڈسن جیسے نمایاں مزاحیہ فنکار بھی فیسٹیول میں جلوہ گر ہوں گے، جو مختلف مزاحیہ طرزِ اظہار سے بھرپور ماحول فراہم کریں گے۔
یہ تمام کامیڈین مختلف ثقافتوں اور پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ فیسٹیول بین الاقوامی ہم آہنگی اور تفریحی تنوع کو فروغ دے گا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ سعودی عرب میں اتنی بڑی تعداد میں مزاحیہ فنکاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے نہ صرف سعودی عوام کو اعلیٰ معیار کی تفریح فراہم کی جائے گی بلکہ یہ دنیا کو یہ پیغام بھی دے گا کہ مملکت اب تفریحی و ثقافتی شعبوں میں بھی عالمی سطح پر اپنی موجودگی کو منوا رہی ہے۔