ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ‘معرکہ حق 2025’ کے عنوان سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ تقریب ریڈ ایپل ریسٹورنٹ، پاک بان اور پاک میڈیا فورم کے اشتراک سے منعقد کی گئی تھی۔ سوشل میڈیا انفلوئنسر عبدالصمد ایسانی نے بتایا کہ یہ ایک دعوت نامہ پر مبنی تقریب تھی جس میں 200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیات کے علاوہ پاکستانی سفارت خانے کے عہدیدار حسیب سلطان نے بھی شرکت کر کے اس کی رونق میں اضافہ کیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض سلمان قریشی نے انجام دیے، جن کی پرکشش میزبانی نے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔
پاکستان سے خصوصی طور پر تشریف لانے والی گلوکارہ حرا خالد نے اپنی خوبصورت آواز سے حاضرین کو محظوظ کیا، جبکہ مقامی گلوکار شاذل نے بھی اپنی پرفارمنس سے سماں باندھ دیا۔ شرکاء نے موسیقی پر رقص کیا اور بھرپور لطف اٹھایا۔
اس کے علاوہ، وقار نسیم وامق اور کامران حسانی نے ‘بنیان مرصوص’ کے حوالے سے اپنی پرجوش شاعری پیش کی، جس نے حاضرین کے خون میں خوشی کی تیزی پیدا کردی۔ ان کی شاعری نے سب میں قومی جذبہ بیدار کر دیا۔
اس موقع پر پاک میڈیا فورم کے سربراہ زکا اللہ محسن اور ریڈ ایپل ریسٹورنٹ کے سی ای او اشتیاق ملک ہیرا نے پاک فوج کے لیے خصوصی تقریریں کیں اور ‘بنیان مرصوص’ میں بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی ٹیم کو خصوصی مبارکباد دی گئی۔ جس میں عبدالصمد ایسانی بھی شامل تھے۔ یہ تقریب پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک بہترین موقع تھا کہ وہ بیرون ملک ہوتے ہوئے بھی اپنی قومی محبت اور ثقافت کا اظہار کر سکیں۔