سعودی آرگنائزیشن فار سرٹیفائیڈ پبلک اکاؤنٹنٹس (SOCPA) نے عالمی سطح پر اپنی فیلوشپ کی پیشکش کا آغاز کر دیا ہے، جس سے اب دنیا بھر کے اکاؤنٹنٹس اور مالی پیشہ ور افراد اس اہم سند کو حاصل کر سکیں گے۔ یہ فیلوشپ عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں امتحان کے ساتھ دستیاب ہوگی، جس کی رجسٹریشن جمعرات سے شروع ہو گی۔ امتحان کا پہلا مرحلہ ستمبر میں منعقد ہوگا۔
سعودی آرگنائزیشن فار سرٹیفائیڈ پبلک اکاؤنٹنٹس نے ایک پریس ریلیز میں اس فیلوشپ کی اہمیت کو اجاگر کیا، جسے اس کے معیاری نصاب اور جدید تدریسی مواد کی وجہ سے اکاؤنٹنگ اور آڈٹنگ کے شعبے میں ایک معتبر سند کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر، کوئی بھی اکاؤنٹنٹ یا پیشہ ور فرد انگریزی میں اس پروگرام کو مکمل کر کے اور امتحان پاس کر کے اس فیلوشپ کو حاصل کر سکتا ہے۔
امتحان میں 75 فیصد سوالات ملٹی پل چوائس اور 25 فیصد مضمون نویسی پر مبنی ہوں گے، جس میں چھ اہم موضوعات شامل ہیں: فائنینشل اکاؤنٹنگ، مینیجیریل اینڈ گورنمنٹ اکاؤنٹنگ، آڈٹنگ، زکوۃ اور ٹیکس، بزنس انوائرمنٹ اینڈ ریگولیشن۔ یہ نصاب تعلیمی مواد کو عملی تجربات کے ساتھ جوڑتا ہے، جس سے پیشہ ور افراد کو حقیقی دنیا میں کامیابی کی راہ ہموار ہوتی ہے۔
سعودی آرگنائزیشن فار سرٹیفائیڈ پبلک اکاؤنٹنٹس کے سی ای او احمد المغیمس نے عرب نیوز کو بتایا کہ یہ فیلوشپ اکاؤنٹنگ کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتی ہے، جو نہ صرف اکاؤنٹنگ کے عملی اصولوں پر مبنی ہے بلکہ اس ماحول کو بھی سمجھاتی ہے جس میں یہ کام کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیلوشپ کا مقصد سعودی وژن 2030 کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر مملکت کو عالمی سطح پر اکاؤنٹنگ اور مالی خدمات کے شعبے میں ایک قائدانہ حیثیت دلانا ہے۔
اس اقدام کا مقصد سعودی عرب کو مالی اور پیشہ ورانہ خدمات کے لیے ایک عالمی مرکز کے طور پر پیش کرنا ہے اور ملک کی معیشت کو متنوع بنانا ہے۔ المغیمس نے یہ بھی کہا کہ سعودی اکاؤنٹنگ شعبے میں گزشتہ پانچ سالوں میں جو پیشرفت ہوئی ہے، وہ اس بات کا غماز ہے کہ مملکت میں اس شعبے میں ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں۔