سعودی عرب کےالباحہ ریجن کے گورنر شہزادہ ڈاکٹرحسام بن سعودبن عبدالعزیز نےحال ہی میں الباحہ کےمشہورسیاحتی پروگرام الباحہ سمر کی سرگرمیوں اورپروگرامز میں مزیددوہفتے کی توسیع کی ہدایت دی ہےیہ فیصلہ اس پروگرام کےدوران لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت کو دیکھتے ہوئے کیا گیا،جواس وقت سیاحت، ثقافت اور تفریح کے لحاظ سےالباحہ کو ایک اہم مقام بنارہا ہے۔
‘الباحہ سمر’ کی توسیع الباحہ،میراث اورسیاحت کے سلوگن کے تحت کی جائے گی،جس کا مقصد سیاحوں کوالباحہ کے قدرتی حسن، ورثےاورثقافت سےلطف اندوزہونے کامزیدموقع فراہم کرنا ہے۔گورنر کےمطابق،اس اقدام کا مقصد الباحہ کی سیاحتی پوزیشن کوقومی سطح پر مزیدمستحکم کرنا ہے تاکہ وہ سعودی عرب کی اہم سیاحتی منزلوں میں ایک ممتاز مقام حاصل کرے۔
الباحہ سمر کے پروگرام میں اس سال خصوصی طور پر مختلف سرگرمیاں اور تفریحی مشاغل شامل کیے گئے ہیں جو نہ صرف سیاحوں بلکہ مقامی خاندانوں کے لیے بھی پرجوش ہیں۔ ان سرگرمیوں میں پارکوں میں کی جانے والی تفریحی سرگرمیاں، ورثے سے متعلق مارکیٹیں اور سیاحتی سائٹس شامل ہیں جہاں بچے، خاندان اور نوجوانوں کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر علی بن محمد السواط، جو الباحہ ریجن کے میئر اور ‘الباحہ سمر’ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے اس فیصلے کے بارے میں کہا کہ یہ توسیع نہ صرف الباحہ کے قدرتی وسائل کو اجاگر کرتی ہے بلکہ یہاں کی ثقافتی میراث اور فنون کو بھی نمایاں کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام نہ صرف سیاحت کے شعبے کی ترقی میں معاون ہے بلکہ پورے علاقے کی اقتصادی ترقی کے لیے بھی اہم قدم ثابت ہوگا۔
یہ توسیع الباحہ میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے ایک نئی اُمید کا پیغام ہے اور سعودی عرب کی ویژن 2030 کے تحت سیاحتی صنعت کے فروغ کے لیے حکومت کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔