جدہ سے صرف 40 منٹ کی ڈرائیو پر واقع جزیرۂ بیاضہ سعودی عرب کا وہ قدرتی حسن سے بھرپور جزیرہ ہے جو اپنی فیروزی اور شفاف پانیوں، مونگے کی چٹانوں، اور متنوع آبی حیات کے باعث سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔ یہ جزیرہ اپنی پر سکون فضا اور منظرنامے کی بدولت سیاحوں کو مالدیپ جیسا تجربہ فراہم کرتا ہے۔ جب آپ دور سے اسے دیکھتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ جزیرہ سمندر کے پانیوں میں تیر رہا ہے، جہاں نہ کوئی سبزہ ہے اور نہ زمین، صرف نیلا پانی اور خاموشی، جو آپ کو اپنے اندر سمو لیتی ہے۔
اس مقام کی سب سے بڑی خاصیت یہاں موجود مرجان کی چٹانیں (Coral Reefs) ہیں، جو نہ صرف ماحولیاتی اہمیت رکھتی ہیں بلکہ دنیا بھر کے غوطہ خوروں اور سکوبا ڈائیورز کے لیے کشش کا باعث ہیں۔ یہاں کی زیرِ آب دنیا میں رنگ برنگی مچھلیاں، کچھوے، اور ریف شارکس شامل ہیں، جو اسے ایک جاندار اور حیران کن مقام بناتی ہیں۔
700 میٹر لمبا یہ جزیرہ نسبتاً کم گہرے پانی میں گھرا ہوا ہے، جس کی اوسط گہرائی چار میٹر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ جگہ غوطہ خوری، تیراکی، کشتی رانی، تختہ رانی اور فیملی کے ساتھ تفریحی کشتی سفر کے لیے مثالی بن چکی ہے۔
سکوبا ڈائیور البرہ باوزیر کے مطابق، یہ جدہ میں سمندر کے شوقین افراد کا سب سے پسندیدہ علاقہ ہے جہاں سیاح نہ صرف فطرت سے لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ مختلف آبی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے ہیں۔ یہاں کی سیاحت میں حالیہ برسوں کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور اب سیاح پہلے سے پروگرام بنا کر کشتیوں کے ذریعے جزیرے تک پہنچتے ہیں۔
اس بڑھتی ہوئی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے ساحلی سیاحت کے لیے باقاعدہ ضابطہ کار اور سیاحوں کے لیے خدمات کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ مقامی کاروباری افراد اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی اس جزیرے میں سیاحت کو فروغ دینے میں سرگرم ہیں۔ وہ سیاحوں کو ایڈونچر اور تفریحی تجربات فراہم کر رہے ہیں جس سے نہ صرف مقامی معیشت میں تنوع پیدا ہو رہا ہے بلکہ لوگوں کے لیے موسمی روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
حکام کی جانب سے ماحول کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ یہاں کی قدرتی خوبصورتی اور آبی ماحولیاتی نظام (Eco-system) کو نقصان نہ پہنچے۔ خاص طور پر مونگے کی چٹانیں، نباتات اور آبی حیات کو محفوظ رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مقامی باشندے عبداللہ القطیبی کے مطابق، وہ اپنی چھٹیاں اسی جزیرے پر گزارتے ہیں اور یہ ان کے لیے سکون اور فطرت کا گہوارہ ہے۔
یہ جزیرہ ان افراد کے لیے ایک مثالی مقام ہے جو فطرت سے قربت، خاموشی، اور نیلے پانیوں میں کھو جانے جیسا تجربہ چاہتے ہیں۔ یہاں آنے والے سیاحوں کو 6 گھنٹے کا کشتی سفر، زیرِ آب سیر (Snorkeling)، تیراکی اور مچھلی پکڑنے جیسی دلچسپ سرگرمیوں کا موقع ملتا ہے۔ مختصراً، جزیرۂ بیاضہ سعودی عرب کی ساحلی سیاحت کا ایک چمکتا ہوا نگینہ ہے جو قدرتی حسن، ماحولیاتی توازن، اور تفریحی امکانات کا ایک حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔