ریاض:سعودی گولف نے کاروباری قیادت اور سرمایہ کاری کے میدان میں ممتاز ادارے ایس ایچ جی گروپ کے ساتھ اسٹریٹجک اسپانسرشپ معاہدے پر دستخط کر دیے، جس کے تحت ایس ایچ جی گروپ 2025 کی سعودی انٹرنیشنل گولف چیمپئن شپ کا باضابطہ شراکت دار (Official Partner) بن گیا ہے
یہ معاہدہ مملکت کے اس وژن کی توسیع ہے جس کے تحت سعودی عرب کو عالمی گولف کے نئے مرکز کے طور پر مستحکم کرنا مقصود ہے۔ چیمپئن شپ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کی سرپرستی اور سافٹ بینک انویسٹمنٹ ایڈوائزری کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے، جو ایشین ٹور کے نمایاں ترین عالمی ایونٹس میں سے ایک ہے۔
گولف سعودی کے مطابق یہ شراکت سعودی وژن 2030 کے اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد مملکت کو نہ صرف ایک پائیدار اسپورٹس حب بلکہ ایک اقتصادی اور سیاحتی قوت کے طور پر ابھارنا ہے۔ اس اقدام سے سعودی عرب بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے شعبے میں سرمایہ کاری، اختراع اور عالمی شراکت داریوں کے لیے ایک نیا مقام حاصل کر رہا ہے۔
معاہدے کے تحت ایس ایچ جی گروپ کو ٹورنامنٹ کے دوران متعدد تجارتی و تشہیری حقوق حاصل ہوں گے جن میں گولف کورس اور میڈیا پلیٹ فارمز پر برانڈ کی نمایاں موجودگی، خصوصی تقریبات، شائقین سے براہِ راست رابطے اور جدید سرگرمیوں کے ذریعے برانڈ انگیجمنٹ کے منفرد مواقع شامل ہیں۔
یہ معاہدہ اس بات کی علامت ہے کہ سعودی عرب کھیلوں کو صرف تفریح نہیں بلکہ سرمایہ کاری، سیاحت اور عالمی شناخت کا ذریعہ سمجھتا ہےاور گولف اب مملکت کے اس نئے اقتصادی بیانیے کا ایک روشن حصہ بن چکا ہے۔
