پاکستان نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے اپنے نام کرلی۔ سری لنکا کی ٹیم پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46ویں اوور میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے سدیرا سماراوکراما 48 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ کامل مشارا نے 29، کوشل مینڈس نے 34 اور پون رتھنایاکے نے 32 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فیصل اکرم اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے شاندار آغاز کیا۔ فخر زمان نے 55 رنز کی زور دار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی جبکہ محمد رضوان نے 61 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر پاکستان کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ بابر اعظم نے 34 اور حسین طلعت نے 42 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 45ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سری لنکا کے جیفری وینڈرسے نے تین جبکہ مہیش ٹھکشانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی تھیں، جن میں فیصل اکرم، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور حسیب اللہ کو شامل کیا گیا۔ سری لنکا کی جانب سے بھی چار تبدیلیاں کی گئیں جبکہ کپتان چریتھ اسالنکا کی غیر موجودگی میں کوشل مینڈس نے قیادت کے فرائض انجام دیے۔ پاکستان کی اس شاندار کامیابی کے ساتھ سیریز تین صفر سے مکمل وائٹ واش کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
