ریاض: پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بدھ کو سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے ریاض میں ملاقات کی جس میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں میں تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں میں نوجوانوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ سعودی عرب میں کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، ٹریننگ پروگرامز، باہمی دوروں، اور جونیئر و یوتھ لیول ایونٹس کے انعقاد پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے رابطوں کو مزید تیز کریں گے اور عملی منصوبہ بندی تیار کرکے مشترکہ منصوبوں کو جلد حتمی شکل دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل وژن 2030 کے تحت سعودی عرب میں کھیلوں کو غیر معمولی سطح پر فروغ دے رہے ہیں، اور عالمی ایونٹس کی میزبانی مملکت کی بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کو اے ایف سی کپ 2027، ایشین ونٹر گیمز 2029، ایشین گیمز 2034 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی۔
