مسجد اقصیٰ کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے اپنے ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو درپیش خطرات اور کشیدگی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے مسلم اُمہ اور عالمی ضمیر رکھنے والوں سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ پاکستان پر کسی بھی جارحیت کو روکا جا سکے۔
شیخ صبری نے کہا: ہماری طرف سے، بیت المقدس سے پاکستان کے باوفا، مخلص اور اصولی موقف رکھنے والے عوام کو دلی سلام۔ ہم ان دنوں دل گرفتہ ہیں کیونکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو جن خطرات اور حملوں کا سامنا ہے وہ اس کے امن، استحکام اور قومی وحدت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہم مسجد اقصی میں بیٹھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کو دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے، ان کے درمیان اتحاد پیدا کرے، اور چال بازوں کی چالوں کو ناکام بنائے۔
انہوں نے مزید کہا: ہم پاکستان میں ہونے والے حالات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ جو درد پاکستان کو پہنچتا ہے وہی درد ہمیں بھی محسوس ہوتا ہے۔ پاکستانی عوام کا خون ہمارا خون ہے، ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے۔ ہم ان میں اور اپنے آپ میں کوئی فرق نہیں دیکھتے۔ پاکستان ہمیشہ حق کے ساتھ کھڑا رہا ہے، فلسطینی کاز کے لیے آواز بلند کی ہے، اور ناجائز قبضے کے خلاف دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے۔
انہوں نے ہندوستان کی طرف سے پاکستان کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: ہم بیت المقدس سے کھڑے ہو کر ہندوستان کی پاکستان پر مسلط کردہ جنگ کی کھلی مخالفت کرتے ہیں اور مسلم اُمہ اور دنیا کے باضمیر لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں تاکہ اس پیارے ملک پر کسی بھی قسم کی جارحیت روکی جا سکے۔
شیخ صبری نے اپنے بیان کا اختتام ان الفاظ پر کیا: ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان، اس کی سرزمین، اس کے عوام اور اس کی طاقت کی حفاظت فرمائے، اور ہر مصیبت و آفت کو اس سے دور رکھے، اور اسے حق پر ثابت قدم رکھے۔