تفصیلات کے مطابق کویت کی خصوصی وزارتی عدالت نے کویت کے نائب امیر اور سابق وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد کو وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کے بجٹ سے مبینہ غبن کے الزام میں 14 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
واضح رہے کہ شیخ طلال الخالد کویت کے نائب امیر بننے سے پہلے وزیر دفاع اور وزیر داخلہ بھی رہ چکے ہیں۔
کویتی میڈیا نے رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی عدالت نے شیخ طلال کو 14 سال قید کے ساتھ تقریباً 10 ملین کویتی دینار حکومت کو واپس کرنے سمیت دیگر مَدات میں کُل 20 ملین کویتی دینار جرمانے کا حکم بھی سنایا ہے۔
وزارت دفاع کے فنڈز سے متعلق پہلے مقدمے میں شیخ طلال کو سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور انہیں 500,000 جرمانہ اور عوامی عہدے سے مستقل طور پر برطرف کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی کیس سے جڑے ایک غیر ملکی شہری کو بھی چار سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، اسے 294,000 کویتی دینار جرمانہ اور سزا پوری ہونے پر ملک بدر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے فنڈز سے متعلق دوسرے کیس میں عدالت نے شیخ طلال کو مزید 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ اس کیس میں شیخ طلال الخالد کو 9 ملین کویتی دینار واپس کرنے، دیگر جرمانے ادا کرنے اور ان سے وزارت کے دوران استعمال میں رکھی گئی گاڑیاں بھی ضبط کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔