سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے موجودہ وفاقی حکومت کی کارکردگی پی ٹی آئی کی حکومت سے بھی خراب ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم ن لیگ سے اپنی راہیں جدا کر چکے ہیں اور انھوں نے اپنی پارٹی عوام پاکستان کے نام سے بنا رکھی ہے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام پاکستان کو زبردست رسپانس ملا ہے، پارٹی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
انھوں نے زور دے کر کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کوئی خاص کام نہیں کر رہی، ان سے تو پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی بہتر تھی۔
شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ لندن میں موجود، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم کسی کی گود میں بیٹھ کر اقتدار میں نہیں آئیں گے، مسلم لیگ نے اپنا راستہ کھو دیا ہے اور پی ٹی آئی بہت بڑی پارٹی بن گئی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے ناقدانہ انداز میں کہا کہ یہ نواز شریف کی بھی مسلم لیگ نہیں رہی ہے، آج تو بچوں، سمدھیوں اور بھائیوں کی حکومت آگئی ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کچھ روز ایک ٹی وی پروگرام کے دوران کہا تھا کہ نواز شریف کو ان کے گھر والوں نے سیاست سے مائینس کردیا ہے۔