اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر بحرین کا ایک اعلیٰ سطح پارلیمانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ۔ وفد کی قیادت بحرین کے اسپیکر ڈاکٹر احمد بن سلمان المسلم کر رہے ہیں۔
ممبر پاک بحرین فرینڈ شپ گروپ چوہدری محمد شہباز بابر نے بحرین کے پارلیمانی وفد کا اسلام آباد ائیرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔
بحرین کا پارلیمانی وفد اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران صدر، وزیر اعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کرے گا۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور بحرین کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا، بحرین کا پارلیمانی وفد اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران اہم تاریخی و ثقافتی مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔
پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ تجارتی، سیاسی، دفاعی اور سماجی تعلقات موجود ہیں۔
پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں، پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
بحرین کے اسپیکر ڈاکٹر احمد بن سلمان المسلم نے ائیرپورٹ پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان بہترین دفاعی تعلقات موجود ہیں اور ہم پاکستان کے ساتھ دیگر میدانوں میں بھی آگے بڑھیں گے۔