وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے چار روزہ دورے کے دوران سعودی سرمایہ کاری کے وزیر خالد الفالح اور مشترکہ اقتصادی تعاون فورس کے سربراہ محمد التویجری کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، سعودی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، اور اہم شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو تیز کرنے پر گفتگو کی گئی۔ وزیرِ اعظم آفس کے بیان کے مطابق، اس ملاقات میں وزیرِ اعظم نے پاکستان کی جانب سے سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اور ملک کی اسٹرٹیجک پوزیشن اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں پالیسیوں کو اجاگر کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بے شمار مواقع موجود ہیں، جن سے سعودی کاروباری شخصیات استفادہ کر سکتی ہیں، خاص طور پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرون ممالک کےسے آنیوانے سرمایہ کاروں کوبہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں (SIFC) کے تحت۔
سعودی وزیر خالد الفالح اور سربراہ مشترکہ اقتصادی فورس محمد التویجری نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں سعودی عرب کی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور ان کے عملی نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مستحکم کرنے اور مشترکہ منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِ اعظم، شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بات چیت میں اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے چار روزہ دورے پر بدھ کو سعودی عرب پہنچے۔ اس دورے کے دوران اُن کے ہمراہ وزیرِ اعظم کے ساتھ نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور دیگر اہم وزراء اور اعلیٰ حکام بھی ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ مضبوط اور باہمی احترام کی بنیاد پر رہے ہیں۔ سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ مسلسل سرمایہ کاری اور تعاون نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرتا ہے بلکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم ستون ہے۔ سعودی عرب کا پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت اور سرمایہ کاری کا جذبہ ہمیشہ ایک اہم اثاثہ رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی اور مفید اقتصادی تعلقات کے استحکام کو مزید مضبوط بناتا ہے۔