بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاک فوج نے ایک شاندار آپریشن کرتے ہوئے یرغمال مسافروں کو بچا لیا۔ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے حملے کی تفصیلات اور پاک فوج کی کامیاب کارروائی کے بارے میں آگاہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے انتہائی دشوار گزار علاقے کا انتخاب کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس کو آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے روکا۔ دہشت گرد کئی گروپوں میں تقسیم تھے، جن میں سے ایک گروپ نے بچوں اور خواتین کو ٹرین کے اندر رکھا، جبکہ باقی مسافروں کو ٹرین سے باہر لا کر زمین پر بٹھا دیا گیا۔ دہشت گرد افغانستان میں اپنے ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے، اور ان کی کارروائیوں میں بھارتی میڈیا کی واضح حمایت نظر آئی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ پاک فوج نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ دہشت گردوں کو انگیج کیا۔ دہشت گردوں کی کمیونیکیشن سے پتا چلا کہ ان کے درمیان خودکش بمبار بھی موجود تھے، جس کی وجہ سے آپریشن انتہائی محتاط انداز میں کیا گیا۔ ضرار کپمنی کے کمانڈوز نے ٹرین میں داخل ہو کر یرغمالیوں کو بچایا۔ پورے آپریشن کے دوران کسی بھی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا، جبکہ تمام 33 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی میڈیا نے سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا سہارا لے کر جعلی ویڈیوز بنائیں اور پرانی ویڈیوز کو بھی دہشت گردوں کے حق میں استعمال کیا۔ بھارتی تجزیہ کاروں نے اے آئی امیجز اور دہشت گرد گروپس کی ویڈیوز دکھا کر ایک بیانیہ بنانے کی کوشش کی، لیکن پاک فوج کی کارروائی نے ان کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "پاک فوج نے جس طرح یرغمالیوں کی رہائی ممکن بنائی، وہ قابل تعریف ہے۔” انہوں نے کہا کہ چند دہشت گردوں نے بلوچوں کی روایات کو پامال کیا ہے، اور یہ دہشت گرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے پاس جدید غیر ملکی اسلحہ موجود تھا، جو افغانستان سے درآمد کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے مشرقی پڑوسی ملک (بھارت) کا ہاتھ ہے، اور یہ جعفر ایکسپریس کا واقعہ بھی بھارت کی دہشت گرد ذہنیت کا تسلسل ہے۔
جعفر ایکسپریس پر ہونے والا دہشت گردانہ حملہ اور پاک فوج کی بہادرانہ کارروائی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک سبق ہے۔ پاک فوج نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ کارروائی نہ صیر یرغمالیوں کی رہائی کا باعث بنی بلکہ دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔