پاکستان کرپٹو کان کنی اور بلاک چین ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیٹا سینٹرز کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے بجلی کے خصوصی نرخوں پر کام کر رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل اثاثوں کی صنعت کو فروغ دینا اور ملک میں اضافی بجلی کو کم لاگت پر استعمال کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاور ڈویژن ابھرتی ہوئی صنعتوں کے لیے پرکشش بجلی کے ٹیرف تیار کرنے کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہا ہے۔ یہ اقدام اضافی بجلی کے استعمال کو بڑھانے اور گنجائش کی ادائیگیوں کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
کرپٹو کان کنی ایک توانائی سے بھرپور عمل ہے، جس میں بٹ کوائن کان کن اپنی آمدنی کا 60 سے 70 فیصد بجلی کے اخراجات پر خرچ کرتے ہیں۔ پاکستان میں اضافی بجلی کی دستیابی اسے کرپٹو کان کنی کے لیے ایک پرکشش مقام بناتی ہے، لیکن اس کے لیے بجلی کی مستحکم فراہمی پر توجہ دینا ہوگی۔
عالمی سطح پر، کرپٹو کان کنی سالانہ 130 ٹیراواٹ گھنٹے (ٹی ڈبلیو ایچ) سے زیادہ بجلی استعمال کرتی ہے، جو ارجنٹائن یا نیدرلینڈز جیسے ممالک کی کل بجلی کی کھپت سے بھی زیادہ ہے۔ اس اعلیٰ طلب کی وجہ سے کئی ممالک نے کرپٹو کان کنی کے لیے مخصوص بجلی کے ٹیرف متعارف کرائے ہیں یا اس پر پابندیاں عائد کی ہیں۔
چین 2021 میں ماحولیاتی خدشات اور بجلی کی کمی کی وجہ سے کرپٹو کان کنی پر پابندی عائد کی۔ ان ممالک میں ایران کان کنی کے لیے سبسڈی والی بجلی فراہم کرتا ہے، لیکن بجلی کی قلت کے دوران آپریشن بند کر دیتا ہے۔قازقستان نےابتدائی طور پر کرپٹو کان کنی کو اپنایا، لیکن بعد میں توانائی کی قلت کی وجہ سے زیادہ ٹیرف اور ٹیکس عائد کیے۔ایل سلواڈور بٹ کوائن کو قانونی ٹینڈر کے طور پر اپنانے والا پہلا ملک، جو کان کنی کے لیے آتش فشاں سے کم لاگت والی جیوتھرمل توانائی فراہم کرتا ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری اور پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو بلال بن ثاقب نے حالیہ اجلاس میں کرپٹو کان کنی کے ممکنہ مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ڈیجیٹل اثاثوں کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے ریگولیٹری وضاحت اور جامع پالیسیوں پر زور دیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی معیشت کے لیے ایک نئے ڈیجیٹل باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک شفاف اور مستقبل کے لیے تیار مالیاتی نظام کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں، جو سرمایہ کاری کو راغب کرے، نوجوانوں کو بااختیار بنائے اور پاکستان کو عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں رہنما کے طور پر پیش کرے۔
اجلاس میں صارفین کے تحفظ، بلاک چین کان کنی، اور قومی بلاک چین پالیسی کے لیے ایک واضح ریگولیٹری فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کونسل نے بین الاقوامی بہترین طریقوں سے سیکھنے اور مقامی حقائق کے مطابق کاروباری ماڈل تیار کرنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان کا یہ قدم نہ صرف ملک میں ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دے گا، بلکہ عالمی سطح پر کرپٹو کان کنی کے لیے ایک پرکشش مقام بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔