اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ عیدالاضحیٰ کی پرنور ساعتیں سعودی سرزمین پر گزاریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم اور خصوصی ملاقات طے ہے، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی، اور انفرا اسٹرکچر سمیت کئی کلیدی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر تفصیلی بات چیت ہو گی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود، خطے میں امن و استحکام، اور اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف، حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ثالثی اور تناؤ کو کم کرنے میں سعودی قیادت کے مثبت اور تعمیری کردار پر دلی شکریہ بھی ادا کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو ایک نئی سمت دینے میں سنگِ میل ثابت ہو گا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دونوں ممالک اقتصادی تعاون کو ایک نئی بلندی تک لے جانے کے لیے تیار ہیں۔