مکہ مکرمہ:دنیا بھر سے آئے لاکھوں حجاج کرام آج یومِ عرفہ کے موقع پر جبلِ رحمت کی جانب رواں دواں ہیں، جہاں ہر طرف "لبیک اللہم لبیک” کی دل لرزا دینے والی صدائیں فضا کو معطر کیے ہوئے ہیں۔ حجاج ہاتھ بلند کیے، دلوں میں اخلاص اور زبان پر تلبیہ لیے روحانی سرشاری کے عالم میں اس مقامِ مقدس کی طرف گامزن ہیں جہاں نبی آخرالزماں ﷺ نے اپنی امت کو حج کا عظیم درس دیا۔
روح پرور مناظر اور جدید سہولیات کا امتزاج دیکھنےکوملتاہے
عرفات کے مقدس میدان میں آج کا درس عبادت، دعا اور مغفرت کا ہے۔ مگر اس روحانیت کے ساتھ ساتھ ایک اور منفرد منظر بھی ابھر کر سامنے آ رہا ہے: سہولتوں سے آراستہ عرفات۔
سعودی حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کی جانے والی جامع منصوبہ بندی کا عملی مظاہرہ اس وقت واضح دکھائی دے رہا ہے۔ حفاظتی دستے، طبی مراکز، صفائی و بلدیاتی ٹیمیں، سب اپنے فرائض انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
جبلِ رحمت ہسپتال اور متعدد طبی مراکز چوبیس گھنٹے فعال ہیں، جب کہ "کِدانہ” کمپنی نے مسجد نمرہ کے اطراف 85 ہزار مربع میٹر کا سایہ دار علاقہ، 320 چھتریاں، 350 اسپرے ستون اور سرسبز شجرکاری کے ذریعے ایک خوشگوار ماحول فراہم کیا ہے۔
آرام دہ راستے، ٹھنڈی ہوائیں60 ہزار مربع میٹر رقبے پر تیار کیے گئے سایہ دار اور ٹھنڈے راستے نہ صرف گرمی کی شدت کم کر رہے ہیں بلکہ تھکے ماندہ حاجیوں کے لیے ایک نعمت بن کر سامنے آئے ہیں۔ ان راستوں کو جدید اسپرے پنکھوں سے لیس کیا گیا ہے تاکہ حجاج کرام کو راحت فراہم کی جا سکے۔
جبلِ عرفات جہاں رحمتیں نازل ہوئیں،جبلِ رحمت یا جبلِ عرفات محض ایک پہاڑی نہیں، بلکہ تاریخِ اسلام کا وہ روشن باب ہے جہاں رسول اکرم ﷺ نے اپنے آخری خطبے کے لیے وقوف فرمایا۔
یہی وہ مقام ہے جہاں نبی کریم ﷺ نے اعلانِ مساوات، حقوقِ انسانی، عزتِ نسواں اور امتِ مسلمہ کی وحدت کا درس دیا۔ تاریخی کتب میں اسے "جبل إلال” اور بعض روایات میں "النابت” بھی کہا گیا ہے۔ مؤرخین کے مطابق "النابت” ان مخصوص چٹانوں کو کہا جاتا ہے جہاں نبی اکرم ﷺ نے قیام فرمایا۔
آج کا عرفہ کل کے لیے درس ہے یہ دن نہ صرف عبادت کا، بلکہ اتحاد، ایثار، اور اخوت کا بھی مظہر ہے۔ لاکھوں افراد زبان، نسل، رنگ اور قومیت سے بالا تر ہوکر ایک ہی لباس میں، ایک ہی خدا کے حضور جھکے ہوئے ہیں۔
یہ منظر امت مسلمہ کو یاد دلاتا ہے کہ ہم اگر عرفات کی روح کو اپنائیں، تو ہمارے درمیان نفرت، تعصب اور تقسیم کی دیواریں گر سکتی ہیں۔