مسجد نمرہ میں حج کے روح پرور اجتماع کے موقع پر خطبہ حج دیتے ہوئے عبدالرحمان الحذیفی نے امت مسلمہ کو تقویٰ، صبر، اتحاد اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی تلقین کی۔
امام مسجد نبوی ﷺ نے خطبہ حج میں کہا کہ ربِ کائنات کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو، صرف اللہ سے ڈرو اور اپنی زندگیوں میں تقویٰ اختیار کرو۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ہر مشکل اور آزمائش میں صبر کا دامن تھامے رکھنا چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کے لیے اجر عظیم کا وعدہ فرمایا ہے۔
خطبے میں انہوں نے توحید کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ توحید پر عمل ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور حضرت محمد ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری رسول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر شکر ادا کرنا چاہیے کیونکہ جن قوموں نے ناشکری اور ظلم کا راستہ اختیار کیا، ان سے نعمتیں چھین لی گئیں۔
امام عبدالرحمان الحذیفی نے حجاج کرام کو سچائی اپنانے اور غلط بیانی سے بچنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ نماز قائم کریں، اللہ کے ذکر اور عبادات میں مشغول رہیں اور ہر لمحہ مغفرت طلب کرتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ اور بندے کا تعلق ہی اصل نجات کا ذریعہ ہے۔ “اے ایمان والو! اپنے رب کے ساتھ جڑے رہو، حج کے دوران کسی بھی قسم کے جھگڑے اور اختلاف سے اجتناب کرو، ایسے اعمال سے بچو جو امت کی وحدت کو نقصان پہنچائیں۔”
خطبہ حج میں امت مسلمہ، فلسطین اور دنیا بھر میں مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
لاکھوں حجاج کرام نے میدان عرفات میں انتہائی عقیدت اور خشوع و خضوع کے ساتھ خطبہ حج سنا، جبکہ خطبے کے بعد مسجد نمرہ میں نمازِ ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی گئیں۔
