برطانیہ کے شمال مشرقی ساحل کے قریب ایک خطرناک بحری حادثہ پیش آیا، جس میں ایک کیمیکل ٹینکر اور کنٹینر شپ کے تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
تصادم کے بعد ایک جہاز میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع کیا گیا۔
عینی شاہدین نے اطلاع دی کہ حادثے کے بعد سمندر میں دھویں کے گھنے بادل اٹھتے دکھائی دیے جبکہ کچھ عملے کے ارکان نے جان بچانے کے لیے جہاز سے چھلانگ لگا دی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی برطانوی کوسٹ گارڈ ایجنسی نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ایک ہیلی کاپٹر، ایک چھوٹا بحری جہاز، لائف بوٹس اور قریب موجود آگ بجھانے کی صلاحیت رکھنے والے جہازوں کو موقع پر روانہ کیا گیا تاکہ زخمیوں کو بچایا جا سکے اور آگ پر قابو پایا جا سکے۔
پورٹ گرمسبے ایسٹ کے چیف ایگزیکٹیو کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 32 افراد کو ساحل پر پہنچا کر فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم ان کی حالت کے بارے میں تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
شپنگ انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق حادثے میں ملوث کیمیکل ٹینکر سٹینا اماکولیٹ پر امریکی جھنڈا لہرا رہا تھا جبکہ دوسرا جہاز سولونگ ایک پرتگالی کمپنی کی ملکیت تھا۔
حادثے کے بعد کیمیکل ٹینکر کی مالک کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو ایرک ہانیل نے تصدیق کی کہ جہاز کے تمام عملے کے افراد محفوظ ہیں، تاہم کنٹینر شپ کے عملے کی صورتحال واضح نہیں ہو سکی۔
رائل نیشنل لائف بوٹ انسٹیٹیوشن کے مطابق تصادم کے بعد متعدد عملے کے ارکان نے اپنی جان بچانے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگا دی تھی، جبکہ دونوں جہازوں میں آگ لگی ہوئی تھی۔
ٹی وی چینلز پر نشر کی گئی تصاویر میں آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جس سے حادثے کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
امدادی ٹیمیں مسلسل کارروائی میں مصروف ہیں تاکہ کسی ممکنہ جانی نقصان کو روکا جا سکے اور حادثے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔