پاکستانی وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے نیو یارک میں عالمی حکمرانوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی بنگلہ دیش کے عبوری حکمران محمد یونس سے ملاقات کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
دونوں راہنما کافی دیر تک ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر کھڑے رہے اور دو طرفہ امور پر گفتگو کرتے رہے۔ اس دوران دونوں نے اچھی مسکراہٹوں کا تبادلہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک میں موجود ہیں لیکن بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر محمد یونس کی ان سے کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔
دوسری طرف پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد، ترکیا کے صدر رجب طیب ایردوان اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوٹریس کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ فلسطین میں قیام امن اور کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقات کی، اس ملاقات کے متعلق ان کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کے صدر سے ملاقات اچھی رہی جبکہ اجے بنگا نے کہا کہ وزیراعظم شہباز نے اپنی ترجیحات واضح طور پر ہمارے سامنے رکھیں۔