امریکی بزنس مین اور شہرہ آفاق شخصیت ایلون مسک بھی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے مداح نکلے، کہا مجھے نیوم جیسے بڑے اور دیر تک چلنے والے منصوبے پسند ہیں۔
ایلون کا کہنا تھا کہ زندگی کو حیران کن چیزوں کے لیے تیار رکھنا چاہیے۔ زندگی میں تنوع بہت ضروری ہے۔ اگر آپ زندگی کو انجوائے کرنا چاہتے ہیں تو کچھ نہ کچھ نیا کرتے رہیں۔ وہ کیلیفورنیا میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
ایلون نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جیسے نیوم کا منصوبہ ہے، آپ دیکھیں کہ ایک ناممکن چیز، عدم سے وجود میں آکر امکانات کی طرف دوڑ رہی ہے۔ یہی شے زندگی کا اصل لطف ہوتی ہے کہ آپ وہ کریں جسے سب ناممکن کہہ دیں۔
ایلون مسک نے کہا میری خواہش ہے کہ میں آنے والے دنوں میں نیوم پراجیکٹ کو وزٹ کروں اور اس کے بنیادی ڈھانچوں اور انفراسٹرکچر کا مشاہدہ کروں، ایسے حیران کن پراجیکٹس میرے لرننگ پراسس کا حصہ ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ نیوم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ڈریم پراجیکٹ ہے جسے پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔ یہ مجموعی طور پر 400 کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا دنیا کا جدید رہائشی منصوبہ ہے۔ اس میں 170 کلومیٹر طویل "دا لائن” نامی ورٹیکل سٹی موجودہ دنیا کا عجوبہ کہلاتا ہے۔
یہ پراجیکٹ سعودی عرب کے تاریخی شہر تبوک میں جورڈن اور مصر کے ساحل پر، بحر احمر کے کنارے جاری ہے۔ نیوم پراجیکٹ میں شامل تجارتی جزیرے سندالہ کا افتتاح اس سال کے آخر تک متوقع ہے۔