پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے اعلی سطحی حکام کے درمیان کل اور آج تفصیلی مذاکرات ہوئے۔ جن میں پاکستانیوں پر ویزا پابندیوں کے حوالے سے اہم امور طے پاگئے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے کچھ روز میں پاکستان کے جن شہروں کے باشندوں پر یو اے ای کے ویزے بند کردیے گئے تھے، انھیں دوبارہ بحال کردیا جائے گا۔
دار نیوز کے ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے متحدہ عرب امارات کے ذمہ داران کو یقین دلایا ہے کہ جن شکایات کی بنیاد پر پاکستانیوں کے ویزے بند کیے گئے تھے، وہ شکایات ختم کی جائیں گی۔اور پاکستانی شہری آئندہ یو اے ای کے شہری قوانین اور ملکی وقار کے منافی کوئی اقدام نہیں کریں گے۔
اس سلسلے کی مزید کاروائی اگلے ایک دو روز میں مکمل ہوتے ہی پاکستانی شہریوں پر سے پابندی کو ختم کردیا جائے گا۔ پاکستانی سفارتخانے کو فراہم کردہ دستاویزات کے مطابق، یو اے ای حکام نے پاکستانی شہریوں کے رویوں اور سرگرمیوں پر کئی اعتراضات اٹھائے تھے جن میں احتجاج، سوشل میڈیا پر یو اے ای کی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید اور آن لائن پلیٹ فارمز کا غلط استعمال شامل ہیں۔
پاکستان کے جن شہروں پر پابندی عائد کی گئی تھی ان میں کوئٹہ، خوشاب، ڈی جی خان، ایبٹ آباد، مظفرآباد، سرگودھا، اٹک، ڈی آئی خان، کرم اجنسی، قصور، نواب شاہ، شیخوپورہ، باجوڑ ایجنسی، ہنگو، کوہاٹ، سکردو، لاڑکانہ، پارہ چنار، چکوال، ہنزہ، کوٹلی، ساہیوال، سکھر اور مہمند ایجنسی شامل ہیں۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اب حکومت پاکستان اور یو اے ای حکام کے درمیان تمام معاملات طے پاگئے ہیں اور اگلے ایک دو روز میں پاکستانیوں پر لگائی یہ پابندیاں اٹھا لی جائیں گی۔ ممکن ہے حکومت پاکستان یو اے ای جانے والے پاکستانیوں کے لیے کچھ نئے قوانین یا ایس او پیز کا اجراء کرے تاکہ دوبارہ ایسی نا خوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو۔