بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس نے انسانی درندگی اور جذباتی بے قابو رویے پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک 9 سالہ معصوم بچی پر یہ الزام لگایا گیا کہ اس نے اپنے سوتیلے بھائی کی مارکس شیٹ میں رد و بدل کیا تھا، جس کے باعث نتائج میں تبدیلی ہوئی اور مقابلے کی درجہ بندی متاثر ہوئی۔ اس بات پر بچی کے والد شدید غصے میں آ گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم شنتارام دریو دھان چوہان نے مبینہ طور پر اشتعال میں آ کر لکڑی کاٹنے والی مشین سے اپنی بیٹی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد ملزم نے شواہد مٹانے کی کوشش کرتے ہوئے لاش کو کپڑے میں لپیٹ کر آگ لگا دی تاکہ معاملہ حادثہ معلوم ہو۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے آدھی جلی ہوئی لاش برآمد کی جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی گئی۔
بھارتی حکام نے اس کیس میں مزید پیش رفت کرتے ہوئے ملزم کے ساتھ اس کی مبینہ ساتھی چنکی بھونسلے کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کے خلاف شواہد چھپانے اور واقعے کی اطلاع نہ دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ تفتیش کا عمل جاری ہے تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
