بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے متعلق ایک فیک بیان گردش کر رہا ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کہتے ہیں مجھے ذاتی طور پر فلسطین کی کوئی پروا نہیں، میں صرف اپنے ملک کے بارے میں سوچتا ہوں۔
دار نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک سینیئر سعودی سفارتکار نے بتلایا کہ یہ بیان فیک ہے۔ سعودی عرب پہلے دن سے آج تک ہر لمحہ فلسطین کی آزادی کے لیے کوشاں ہے۔
گزشتہ ہفتے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مجلس شوریٰ سے اپنے سالانہ شاہی خطاب کے دوران دو ٹوک انداز میں کہا تھا کہ فلسطین ہمارا بنیادی مسئلہ ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جب تک اسرائیل، فلسطین کو آزاد اور مستقل حیثیت میں تسلیم نہیں کرلیتا، اس وقت تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی یا تجارتی تعلقات قائم نہیں کریں گے۔
بعد ازاں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فرحان بن فیصل نے اقوام متحدہ کے حالیہ اجلاسوں اور امریکی ٹی وی چینلز کو انٹرویو میں متعدد بار اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم فلسطین کی مستقل اور آزاد حیثیت کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
پھر کوئی کیسے کہہ سکتا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ہمیں فلسطین سے کوئی سروکار نہیں۔ یہ جھوٹی اور فیک خبریں سعودی عرب کی فلسطین کے ساتھ محبت کو کمزور نہیں کرسکتیں۔
تاہم افسوس اور دکھ کی بات یہ ہے کہ ایسی جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے میں اکثر مسلمان ممالک کے میڈیا کا ہاتھ ہوتا ہے۔
جس طرح ترکیا سے چلنے والے ٹویٹر ہینڈل RTEURDU نے اس جھوٹی خبر کو چند گھنٹوں کے فرق سے دو بار شئیر کیا۔ حالانکہ خبر کی ساخت سے ہی معلوم ہوجاتا ہے کہ یہ فیک نیوز ہے۔