سلمان شاہی مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے صوبہ حضرموت کے اہم شہر مکلا میں مچھلی، سبزیوں اور پھلوں کی مرکزی مارکیٹ کی بحالی کا بڑا منصوبہ مکمل کر لیا ہے، جسے مقامی معیشت کی بحالی اور عوامی فلاح کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ منصوبہ پائیدار زراعت اور زرعی و ماہی گیری کے شعبوں کو مضبوط بنانے کے وسیع پروگرام کے تحت مکمل کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد یمنی عوام کی معاشی مشکلات کم کرنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور مقامی آبادی کو خود کفیل بنانا ہے۔
بحال کی گئی مرکزی مارکیٹ میں مچھلی فروخت کرنے کے 22 مراکز جبکہ سبزیوں اور پھلوں کے 17 مراکز موجود ہیں۔ منصوبے کے دوران نہ صرف ان مراکز کی مکمل مرمت اور جدید خطوط پر تزئین و آرائش کی گئی بلکہ مارکیٹ کے بیرونی حصوں کو بھی نئی شکل دی گئی تاکہ خریداروں اور تاجروں کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔
منصوبے میں پانی کی فراہمی اور نکاسیٔ آب کے نظام کی بحالی، بجلی کے نظام کی جدید کاری اور انتظامی دفاتر کی بہتری جیسے اہم اقدامات بھی شامل رہے۔ اس جدید سہولت سے مقامی ماہی گیروں، کسانوں اور تاجروں کو اپنی مصنوعات بہتر انداز میں فروخت کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد زرعی اور سمندری پیداوار میں اضافہ، معیاری اشیاء کی فراہمی، منڈیوں تک رسائی میں آسانی اور ترسیلی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے تاکہ مقامی معیشت دوبارہ مستحکم ہو سکے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جنگ اور معاشی بحران سے متاثرہ یمن میں ایسے ترقیاتی منصوبے نہ صرف عوام کیلئے امید کی نئی کرن ہیں بلکہ یہ مقامی سطح پر روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کی جانب سے یمن میں جاری انسانی اور ترقیاتی خدمات کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کے تحت مختلف صوبوں میں بنیادی سہولیات، صحت، خوراک، پانی اور روزگار کے شعبوں میں متعدد فلاحی اقدامات جاری ہیں۔
