سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں ممالک نے سفارتی تعاون کو نئی سمت دینے والا معاہدہ طے کر لیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق جدہ میں ہونے والی اس ملاقات میں سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ترکیہ کے وزیرِ خارجہ خاقان فیضان نے شرکت کی، جس کے دوران باہمی اعتماد، علاقائی تعاون اور سفارتی روابط کو فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے حکام کو ویزا کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے لیے آمد و رفت مزید آسان ہو جائے گی اور سفارتی روابط میں تیزی آئے گی۔
ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، سلامتی کے چیلنجز اور مشرقِ وسطیٰ میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں قریبی رابطہ اور تعاون ناگزیر ہے۔
یہ پیش رفت سعودی عرب اور ترکیہ کی رابطہ کونسل کے تیسرے مشترکہ اجلاس کے دوران سامنے آئی، جو 2016 میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں اور تعاون کے فروغ کے لیے قائم کی گئی تھی۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔
