کنگ سعود یونیورسٹی ریاض میں 26 سمتبر سے انٹرنیشنل بک فیئر کا آغاز ہو رہا ہے، دس روزہ انٹرنیشنل بک فیئر کا اختتام 5 اکتوبر کو ہوگا۔
کویت سے تعلق رکھنے والے عالم اسلام کے مشہور قاری الشیخ مشاری راشد العفاسی کی شہرہ آفاق کتب "آیة و حكاية” اور "قصائد و اناشید” بھی ریاض بک فیئر کا حصہ ہوں گی۔
شیخ مشاری راشد العفاسی نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ میری کتابیں ریاض انٹرنیشنل بک فیئر میں دستیاب ہوں گی۔
انھوں نے اپنے اسی ٹویٹ میں اپنی کتابوں کے بک اسٹال کا ایڈریس بھی لکھا : "دار سماء پبلشنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن ، بوتھ نمبر C131 ”
انھوں نے بک اسٹال پر اپنی موجودگی کے اوقات کے متعلق بھی بتلایا : "آپ تشریف لائیں جمعرات اور جمعہ کو عشاء کے بعد آپ کا انتظار رہے گا، ان شاءاللہ”۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 2024 میں 30 ممالک اور 1000 ناشرین 35 لاکھ عناوین کے ساتھ اپنی مطبوعات پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی وزارت ثقافت کی طرف سے انٹرنیشنل بک فیئر 2024 کو اونٹوں کے سال سے موسوم کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے بک فیئر میں ایک مخصوص پویلین بھی بنایا گیا ہے جہاں اونٹوں کے حوالے سے تاریخی اور اہم مواد پیش کیا جائے گا۔
بک فیئر میں عربوں کے ہاں اونٹوں کی اہمیت اور سعودیوں کے نزدیک اونٹوں کی افادیت پر خصوصی دستاویزات بھی رکھی جائیں گی۔